ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈنمارک:داعش کے خلاف جنگ سے طیارے واپس بلانے کا اعلان

ڈنمارک:داعش کے خلاف جنگ سے طیارے واپس بلانے کا اعلان

Sun, 04 Dec 2016 11:49:45    S.O. News Service

کوپن ہیگن،3؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ڈنمارک نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ شام اور عراق میں داعش تنظیم کے خلاف امریکا کے زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد میں اپنے طیاروں کے مشن کو جاری نہیں رکھے گا۔ ڈنمارک کے ایف16ماڈل کے 7طیارے گزشتہ 6ماہ تک بین داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے بین الاقوامی اتحاد کی کارروائیوں میں شریک رہے۔ڈنمارک کا یہ فیصلہ امریکی وزارت دفاع کی جانب سے کیے جانے والے اُس اعلان کے 3روز بعد سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ رواں سال اگست میں رابطوں میں خلل ، انٹیلی جنس معلومات کی کمی اور انسانی غلطیوں کے نتیجے میں امریکی ، آسٹریلوی ، برطانوی اور ڈینش طیاروں کے فضائی حملوں میں شدت پسندوں کے بجائے شام کی سرکاری فوج کے 90اہل کار مارے گئے تھے۔ڈنمارک کے وزیر خارجہ اینڈریوس سیملسن نے پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی کی کمیٹی سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ " ہم نے مقررہ پروگرام کے مطابق ڈنمارک کے جنگی طیاروں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مشن میں توسیع کرنے کے بدلے ہم 20یا 21اضافی فوجیوں کو بھیج دیں گے۔

ڈنمارک کے وزیر دفاع کلاؤس ہیزورٹ کے مطابق نئے فوجی اہل کار آپریشن میں انجینئرنگ اور تعمیراتی مہارت میں اضافہ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری فورس عراقی افواج کو تربیت دے گی اور بارودی سرنگوں کے ناکارہ بنانے کی کارروائیوں میں شرکت کے علاوہ دیگر امور سر انجام دے گی۔رواں برس کی دوسری شش ماہی میں ڈنمارک نے بین الاقوامی اتحاد کو ایف16ماڈل کے 7لڑاکا طیارے اور ایک سی130جی ٹرانسپورٹ طیارہ فراہم کیا تھا۔ ان کے علاوہ 400فوجیوں پر مشتمل فورس بھی تھی جن میں 60فوجیوں کا تعلق اسپیشل فورسز سے تھا۔ حکومتی اعلان کے مطابق ٹرانسپورٹ طیارے کو بھی واپس بلا لیا جائے گا۔ڈنمارک کے ایف16طیاروں نے عراق میں اکتوبر 2014سے اکتوبر 2015کے دوران کارروائیوں میں حصہ لیا۔ رواں برس اپریل میں ڈنمارک کے پارلیمنٹ نے شام میں داعش تنظیم کے خلاف جنگ میں شرکت کا دائرہ وسیع کرنے کے حوالے سے ووٹ دیا تھا۔


Share: